پیرس ( رضا چوہدری /نمائندہ جنگ )فرانس میں پی آئی اے کے کنٹری منیجر اور ٹریول ایجنٹوں کے درمیان دوبارہ محازآرائی شروع ہوگئی پیرس میں پی آئی اے کے معروف ٹریول ایجنسیز گروپ فلائی ہوم نے الزام لگایا ہے کہ کنٹری مینیجر فرخ حنفی نے ان کاٹکٹنگ سسٹم بغیر کسی وجہ کے دوبارہ بند کردیا ،جس کی بنا پرپی آئی اے پر سفر کرنے کے خواہشمند پاکستانی دوسری ائیر لائنوں پر سفر کرنے پر مجبور ہوگئے ہیں۔نمائندہ جنگ نے فرخ حنفی کا موقف جاننے کیلئے ان سے متعدد بار فون پررابطہ کرنے کی کوشش کی مگر ان سے بات نہ ہوسکی۔گزشتہ ہفتے پیرس کے دو ٹریول ایجنٹس کا ٹکٹنگ سسٹم بغیر کسی وجہ کے بند کر دیا گیا تھا تاہم ٹریول ایجنٹس کے شدیداحتجاج کے بعد سسٹم کو بحال کردیا گیاتھا۔ فلائی ہوم کے ایم ڈی منظور جنجوعہ اور سکائی لائن کے ایم ڈی منیر احمدنے جنگ کو بتایا کہ گذشتہ سال ہم دو ٹریول ایجنٹس نے پی آئی اے کی سیل میں دوگنا اضافہ کیا لیکن اب ہمیں 2009کاincentive دینے انکاربھی کیا جارہاہے۔انہوں نے پی آئی اے کے ایم ڈی اعجاز ہارون سے مطالبہ کیا کہ ہمیں محب وطن ہو نے اور پی آئی اے کی سیل بڑھانے کی سزا نہ دی جائے بلکہ ہمارے ساتھ انصاف کیا جائے ، پی آئی اے ہم سے تعاون کرے تو ہم دوسری ائیر لائنوں کا کام مکمل طور پر بند کر سکتے ہیں ۔واضح رہے کہ صدر آصف زرداری فرانس کے دو روزہ سرکاری دورہ پر پیرس پہنچ رہے ہیں ۔پیپلز پارٹی کے مقامی رہنماوٴں نے ٹریول ایجنٹس کو یقین دلایا ہے کہ انکا معاملہ صدر کے سامنے پیش کیا جائے گا۔