| کراچی (اسٹاف رپورٹر) ذیابیطس کے مریض اپنے ڈاکٹر کے مشورے سے روزہ رکھ سکتے ہیں۔ یہ تصور غلط فہمی پر مبنی ہے کہ ذیابیطس کے مریض روزے نہیں رکھ سکتے۔ ان خیالات کا اظہار پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن، پی ایم اے کے تحت ”ذیابیطس اور روزہ“ کے موضوع پر لیکچر دیتے ہوئے ماہر امراض ذیابیطس ڈاکٹر خرم شاہد اور ڈاکٹر ذاکر علوی نے کیا۔ انہوں نے بتایا کہ ذیابیطس کے مریضوں کے لئے یہ کہنا درست نہیں کہ وہ روزہ نہیں رکھ سکتے لہٰذا ان کے لئے روزے معاف ہیں۔ ماہرین نے کہا کہ رمضان میں روزہ رکھنے کے لئے ذیابیطس کے مریضوں کو اپنے ڈاکٹر سے مشورہ کرنا چاہئے کیونکہ رمضان اور عام دنوں میں ان کی دوا کی خوراک کی مقدار اور اوقات تبدیل کرنا پڑتے ہیں، جو ان کا ڈاکٹر ہی کرسکتا ہے۔ اس کے علاوہ ذیابیطس کے مریضوں کی غذا رمضان کے دنوں میں کیا ہونا چاہئے اور مریضوں کو کیا ورزش کرنا چاہئے یہ سب باتیں ان کا ڈاکٹر ہی انہیں بتا سکتا ہے۔ |
|