| کراچی ( اسٹاف رپورٹر)کسٹمز قائداعظم گولڈ کپ ہاکی ٹورنامنٹ کے دوسرے روز مزید چار میچوں کا فیصلہ ہوگیا۔ نیشنل بینک،حبیب بینک ، اسٹیل ملز اور پورٹ قاسم کی کامیابی، سند ھ، پنجاب، واپڈا اورپاکستان کسٹمز کو شکست۔ ہاکی کلب آف پاکستان اسٹیڈیم کراچی میں کھیلے گئے پہلے میچ میں نیشنل بینک نے واپڈا کودلچسپ اور سنسنی خیز مقابلے کے بعد 4-3 سے شکست دے دی۔ سہیل عباس نے پینلٹی کارنر پر گول اسکورکرکے برتری دلادی جو نیشنل بینک کے فل بیک محمد عتیق نے19ویں منٹ میں پینلٹی کارنر پر گول کرکے برابرکردی۔ 23ویں منٹ میں نیشنل بینک کے کپتان یاسر شبیر نے فیلڈ گول کرکے برتری کو مزید مستحکم کرتے ہوئے2-1کردی پہلے ہاف کے اختتامی لمحات میں واپڈا کے سہیل عباس نے ملنے والے پینلٹی کارنر کو گول میں بدل کر میچ 2-2سے برابر کردیا، پہلے ہاف کے اختتام پر میچ برابر رہا دوسرے ہاف میں نیشنل بینک نے قدرے بہتر کھیل پیش کرتے ہوئے مزید دو گول اسکور کئے۔ہاکی کلب میں کھیلے گئے دوسرے میچ میں حبیب بینک نے میزبان پاکستان کسٹمز کو تین کے مقابلے میں پانچ گول سے شکست دیدی حبیب بینک کی جانب سے فل بیک رانا زبیر اور عبدالقیوم ڈوگر نے دو دو جبکہ ناصر شہزاد نے ایک گول اسکور کیا پاکستان کسٹمز کے گول محمد احسان، عمران اور راؤ عامر نے بنائے۔اولمپیئن افتخار سید اسپورٹس اکیڈمی میں کھیلے گئے پہلے میچ میں پورٹ قاسم نے پنجاب کو دو کے مقابلے میں چار گول سے زیر کیا پورٹ قاسم کی جانب سے اویس خان نے دو علی اذلان خان اور ملک شفیق نے ایک ایک گول اسکور کیا جبکہ پنجاب کے دونوں گول حافظ رضوان نے بنائے اور میچ کے بہترین کھلاڑی قرار دیئے گئے۔جبکہ دوسرے میچ میں اسٹیل ملز نے صوبہ سندھ کی ٹیم کو یکطرفہ مقابلے کے بعد 8-0 سے زمیں بوس کردیا پاکستان اسٹیل ملز کے سلطان اشرف کو بہترین کھلاڑی کا ایوارڈ دیا گیا۔ |
|