کابل میں دھماکا، متعدد افراد ہلاک

کابل میں دھماکا، متعدد افراد ہلاک

April 22, 2018 - 12:14
Posted in:

افغانستان کے دارالحکومت کابل میں عہدیداروں کے مطابق ووٹروں کے اندراج کے لیے قائم کیے گئے ایک مرکز میں اتوار کو ہونے والے بظاہر ایک خودکش دھماکے میں کم ازکم نو افراد ہلاک ہوئے۔ لیکن بعض اطلاعات کے مطابق ہلاکتوں کی تعداد اس سے کہیں زیادہ ہے۔
اس حملے سے پہلے کابل کئی ہفتوں تک پر امن رہا۔ فوری طور پر کسی نے بھی اس کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔
کابل پولیس کے سربراہ عبدالرحمن رحمی نے نجی ٹی وی چینل 'طلوع نیوز' کو بتایا کہ یہ حملہ بظاہر ایک خود کش بمبار نے کیا جو جانی نقصان کا موجب بنا لیکن فوری طور اس کی تفصیل معلوم نہیں ہو سکی ہے۔
محکمہ صحت کے ایک عہدیدار نے کہا کہ جائے وقوع سے واپس آنے والی ایمبولینس گاڑیاں کم ازکم چار ہلاک شدگان اور 15 زخمی افراد کو شہر کے اسپتالوں میں لائی ہیں لیکن ہلاک یا زخمی ہونے والوں کی حتمی تعداد ابھی تک معلوم نہیں ہو سکی ہے۔
کافی عرصے سے تاخیر کا شکار پارلیمانی انتخاب اب رواں سال اکتوبر میں ہونے جارہے ہیں۔ اس سلسلے میں ملک بھر میں ووٹروں کے اندراج کے لیے مراکز قائم کیے گئے ہیں۔ اس بارے میں شدید تشویش کا اظہار کیا جاتا رہا ہے کہ یہ مراکز حملوں کا ہدف بن سکتے ہیں۔
اتوار کو یہ دھماکا کابل کے مغربی علاقے دشت برچی میں ہوا جہاں کے زیادہ تر مکینوں کا تعلق شیعہ ہزارہ برادری سے ہے جو متعدد بار ایسے مہلک حملوں کا نشانہ بن چکی ہے اور ان کی ذمہ داری شدت پسند گروپ داعش نے قبول کی۔

VOA بشکریہa {display:none;}