پھانسی کے سزا یافتہ قیدیوں کی کل تعداد 523ہے ‘ضیالنجار

پھانسی کے سزا یافتہ قیدیوں کی کل تعداد 523ہے ‘ضیالنجار

April 16, 2018 - 20:56
Posted in:

کراچی (اسٹاف رپورٹر)سندھ کے وزیر جیل خانہ جات ضیاالحسن لنجار نے کہا ہے کہ صوبے کی مختلف جیلوں میں پھانسی کے سزا یافتہ قیدیوں کی کل تعداد 523ہے جن میں 4خواتین قیدی بھی شامل ہیں جبکہ کراچی سینٹرل جیل میں کالعدم تنظیموں سے تعلق رکھنے والے 268 قیدی موجود ہیں، سندھ کی مختلف
جیلوں کی سیکورٹی کو یقینی بنانے کے لیے رینجرز کی چوکیاں قائم کی گئی ہیں تاہم پیرا ملٹری فورسز کو جیل کے اندر داخل ہونے کی اجازت نہیں ہے،جہاں قیدیوں کو رکھا جاتا ہے وہاں کا انتظام جیلرز اور جیل کے عملے کے پاس ہے۔ انہوں نے یہ تفصیلات پیر کو سندھ اسمبلی کے اجلاس میں محکمہ جیل خانہ جات سندھ سے متعلق ارکان کے مختلف تحریری اور ضمنی سوالوں کا جواب دیتے ہوئے بتائیں۔انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت جیل حکام اور عملے کی جدید خطوط پر تربیت کا بندوبست کررہی ہے اور اس سلسلے میں کئی افسران کو تربیت کے لیے امریکابھی بھیجا گیا ہے۔وزیر جیل خانہ جات نے بتایا کہ حکومت سندھ جسٹس ریٹائرڈ ناصر اسلم زاہد کی لیگل ایڈ کمیٹی کے ساتھ مل کر کام کررہی ہے تاکہ عام لوگوں خصوصاً جیلوں میں موجود قیدیوں کو بھر پور طریقے سے قانونی مدد فراہم کی جاسکے اس مقصد کے لیے اس کمیٹی کو فنڈنگ بھی کی جارہی ہے ۔انہوں نے بتایا کہ ناصر اسلم زاہد کی کمیٹی سے منسلک چار خواتین وکلا سندھ کی مختلف جیلوں میں خواتین کو قانونی امداد فراہم کررہی ہیں،حکومت سندھ ایک لیگل ایڈ کونسل کے قیام کی جانب پیش قدمی کررہی ہے اس مقصد کے لیے منگل کو ایک اجلاس طلب کیا گیا ہے جس میں سندھ جوڈیشل کونسل کے ارکان اور سندھ بار کونسل کے ارکان کو بھی مدعو کیا گیا ہے۔انہوں نے بتایا کہ جو قیدی اپنے مقدمات کی پیروی کے لیے وکیل کرنے کی مالی استطاعت نہیں رکھتے ایسے قیدیوں کے لیے حکومت کی جانب سے قانونی امداد مہیا کی جاتی ہے اور جو وکیل ایسے غریب قیدیوں کی پیروی کرتے ہیں ان کی فیس محکمہ قانون سندھ ادا کرتا ہے۔
بشکریہ جسارتbody {direction:rtl;} a {display:none;}