جمائما کو قرض کی ادائیگی کا ریکارڈ طلب

جمائما کو قرض کی ادائیگی کا ریکارڈ طلب

September 26, 2017 - 19:34
Posted in:

پاکستان کی سپریم کورٹ نے بنی گالہ اراضی کی خریداری کے لیے جمائما خان کو قرض کی ادائیگی کا ریکارڈ طلب کرلیا ہے۔ چیف جسٹس نے ریمارکس دئیے کہ 'اثاثے ظاہر نہ کرنے کے نتائج کیا ہوں گے، حالیہ عدالتی فیصلوں کے نتیجے میں جائزہ لیں گے'۔پاکستان کی سپریم کورٹ نے عمران خان کی نااہلی سے متعلق درخواست کی سماعت کی۔ کیس کی سماعت چیف جسٹس ثاقب نثار کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے کی۔ عمران خان کے وکیل نعیم بخاری نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ بنی گالہ اراضی کی خریداری پر درخواست گزار نے اعتراض نہیں اٹھایا، 'بنی گالہ اراضی کی پہلی قسط 65 لاکھ عمران خان نے خود ادا کی جو ٹیکس ریٹرنزمیں بطور تحفہ ظاہر کی گئی'۔ جس پر جسٹس عمرعطا بندیال نےاستفسار کیا کہ 65 لاکھ کی ادائیگی کو جواب میں تحفہ ظاہر نہیں کیا گیا۔نعیم بخاری نے کہا کہ ’65 لاکھ کی رقم جمائما خان کے لیے تحفہ تھی، قرض نہیں'۔ انہوں نے کہا کہ 'بنی گالہ اراضی لندن فلیٹس کی فروخت سے خریدی جانی تھی تاہم فلیٹس کی فروخت میں تاخیر کی وجہ سے رقم جمائما سے لی گئی اور اراضی کے 4 انتقال ہوئے جو جمائما کے نام پرہیں'۔چیف جسٹس نے استفسار کیاکہ جمائما کے نام انتقال کی نوعیت کیا تھی؟ 'نوعیت کے بغیر مفروضہ ہوگا کہ خاوند نے بیوی کےنام پر بے نامی جائیداد خریدی'۔ دوران سماعت چیف جسٹس نے کہا کہ 18 اپریل کو عمران نے 5 لاکھ 62 ہزار پاؤنڈ جمائما کے اکاؤنٹ میں بھیجنے کی ہدایات دیں، جس پر عمران خان کے وکیل نعیم بخاری نے بتایا کہ تمام دستیاب ریکارڈ عدالت میں جمع کرا دیا گیا ہے۔چیف جسٹس نے کہا کہ زمین جمائما کے لیے خریدنے کا مؤقف بیان حلفی میں اپنایا گیا، 'جمائما کو قرض کی ادائیگی کا کوئی ریکارڈ ہوگا؟'نعیم بخاری نے کہا کہ عمران خان نے گوشواروں میں یہ رقم بطور تحفہ ظاہر کی جس پر جسٹس عمر عطا بندیال کا کہنا تھا کہ 2003کے ریکارڈ کے مطابق 'نیازی سروسز لمیٹڈ کا اکاؤنٹ بینک میں موجود ہی نہیں تھا'۔چیف جسٹس نے ا س اکاؤنٹ بارے میں استفسار کیا جس سے 5لاکھ 62ہزار پاؤنڈ ادا کیے گئے۔ چیف جسٹس نے کہا کہ ' اس اکاؤنٹ سے ہی جمائما کو رقم ادا کی گئی، آپ کے مطابق لندن فلیٹ کے فروخت کی رقم نیازی سروسز کےاکاؤنٹ میں جمع کرائی گئی، لندن سے بھیجی رقم عمران خان نے جمائما سے بطور قرض لی'۔نعیم بخاری نے جواب دیا کہ لندن سے جو رقم بھیجی گئی اس سے جمائما زمین کی مالک بنی، جس پر چیف جسٹس نے پوچھا کہ کیا کہ کس رقم سے جمائما خان زمین کی مالک بنی اور ان کی جائیداد سے متعلق قانونی حیثیت کیا تھی؟نعیم بخاری نے کہا کہ جمائما خان نے 20ہزار پاؤنڈ بھی لندن سے بھیجے تھے، انہوں نے 6 لاکھ 60 ہزار ڈالر سے زائد رقم پاکستان بھیجی اور ان ٹرانزیکشنز کا ریکارڈ دستیاب نہیں۔چیف جسٹس کا کہنا تھا کہ ایک لاکھ 26ہزار ڈالر کا ریکارڈ موجود نہیں، اس پر نعیم بخاری نے کہا کہ اصل ریکارڈ عدالت کے جائزے کے لیے پیش کررہے ہیں، چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ جمائما کو رقم کیش تو نہیں دی گئی۔چیف جسٹس نے کہا کہ جمائما خان کے جس اکاؤنٹ میں رقم بھیجی گئی اس کا ریکارڈ تو ہوگا؟ جس پر عمران خان کے اکاؤنٹنٹ نے عدلت کو بتایا کہ جمائما کے برطانیہ کے اکاؤنٹس تک ان کی رسائی نہیں۔ نعیم بخاری کا کہنا تھا کہ مزید ریکارڈ کی تلاش کی کوشش کی جاسکتی ہے، جس کے بعد وہ کل تک ملنے والی دستاویزات عدالت میں پیش کریں گے۔ چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ کیا رقم کی ادائیگی نیازی سروسز کے اکاؤنٹ سے ہوئی اور عمران خان کی کتاب کی رائلٹی نیازی سروسز کے اکاؤنٹ میں کیوں آتی رہی؟ انہوں نے عمران خان کے وکیل نعیم بخاری سے استفسار کیا کہ ان کے موقف کے مطابق کمپنی صرف فلیٹ خریداری کے لیے بنائی گئی، 'آپ کہتے ہیں کہ یہ شیل کمپنی تھی'۔جسٹس عمر عطا بندیال نے کہا کہ 75ہزار پاؤنڈ عمران خان کی کمپنی کے اکاؤنٹ میں کیمن آئی لینڈ سے آئے، 'تاہم یہ معلوم نہیں کہ یہ رقم بھیجنے کے ذرائع کیا ہیں'۔ چیف جسٹس نے کہا کہ ممکن ہے عمران خان نے رقم کیمن آئی لینڈ میں رکھی ہو؟ جسٹس عمر عطا بندیال کا کہنا تھا کہ اس معاملے پر اکرم شیخ معاونت کریں اور 'یہ ذہن میں رکھیں عمران خان عالمی کرکٹر تھے، ان پر منی لانڈرنگ کا الزام نہیں لگا'۔چیف جسٹس کا کہنا تھا کہ عمران خان نے قرض لینا اور واپس کرنا تسلیم کیا ہے، 'کیا ثبوت ہے کہ تمام ریکارڈ درست ہے؟'دوران سماعت حنیف عباسی کے وکیل اکرم شیخ نے کہا کہ عمران خان نے پہلے دن سے ہی موقف تبدیل کرتے رہے ہیں۔ چیف جسٹس نے ریمارکس دئیے کہ 'اثاثے ظاہر نہ کرنے کے نتائج کیا ہوں گے حالیہ فیصلوں کے نتائج میں جائزہ لیں گے'۔ انہوں نے کہا کہ 'کیس سمجھ میں آئے گا تب ہی فیصلہ کریں گے، تمام پرانی چیزوں کو کریدنے کے چکر میں ہیں'۔کیس کی سماعت 28 ستمبر تک ملتوی کر دی گئی ہے۔

BBCUrdu.com بشکریہbody {direction:rtl;} a {display:none;}