امریکا‘ بھارت کو اسلحہ فراہم کرکے خطے کی سلامتی سے کھیل رہا ہے‘ پاکستان

امریکا‘ بھارت کو اسلحہ فراہم کرکے خطے کی سلامتی سے کھیل رہا ہے‘ پاکستان

November 14, 2017 - 23:37
Posted in:

اسلام آباد ( آن لائن )ترجمان دفترخارجہ ڈاکٹر محمد فیصل نے کہا ہے کہ امریکا نے بھارت کو جدید اسلحہ فروخت کرکے جنوبی ایشیا میں طاقت کا توازن بگاڑ دیا ہے ، امریکی اقدام کے نتیجے میں خطے کی سلامتی پر شدید منفی اثرات مرتب ہوں گے۔ان خیالات کااظہار انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ پاکستان نے اس خدشے کا اظہار کیا ہے کہ بھارت اور امریکا کے مابین جدید ٹیکنالوجی کی خریداری کے نتیجے میں جنوبی ایشیا میں اسلحے کی نئی دوڑ شروع ہوجائے گی جو یہاں بسنے والے اربوں غریب لوگوں کی معاشی اور سماجی زندگیوں کو متاثر کرے گی۔انہوں نے کہا کہ بھارت کی جانب سے ڈرونز کی خریداری سے خطے میں توازن برقرار نہیں رہے گا ، پاکستان خطے میں امن واستحکام چاہتا ہے ، اس سلسلے میں ہمسایہ ممالک کے ساتھ باہمی مذاکرات کے لیے تیار ہیں ، البتہ بھارت کے منفی رویے کی وجہ سے خطے میں منفی اثرات پیدا ہوتے ہیں۔ترجمان نے کہا کہ پاکستان خود مختار ریاست ہے اور خطے میں امن کا خواہا ں ہے ، امریکا کی طرف سے بھارت کو اعلیٰ درجے کی فوجی ٹیکنالوجی فروخت کرنے پر پاکستان کو تشویش ہے ، بھارت کو ڈرونز طیارے کی فراہمی سے خطے میں عدم فوجی توازن ہوگا اور جنوبی ایشیا میں اسٹریٹیجک استحکام کمزور ہوگا۔ واضح رہے کہ بھارت امریکا سے جدید ٹیکنالوجی کے طیارے خریدنے کا مقصد پاکستان ، چین کے ساتھ وسیع زمینی سرحد پر نظر رکھنا اور بحراوقیانوس پر قریبی نظر رکھنا ہے۔اس سے قبل بھارت مقبوضہ کشمیر کے پہاڑی سلسلے پر مسلسل نگرانی کی غرض سے اسرائیل سے ڈرونز خرید چکا ہے۔ رواں سال جون میں امریکا نے بھارت کو 2-3بلین ڈالر مالیت کے 22ڈرونز فروخت کرنے کا معاہد ہ کیا ۔عالمی سطح پر امریکا اور بھارت کی ڈیل کو ایک بڑی تبدیلی قرارد یا جارہاہے ۔
بشکریہ جسارتbody {direction:rtl;} a {display:none;}