آئندہ انتخابات میں عوام جسے ووٹ دینگے وہی حکومت بنائے گا‘ وزیراعظم

آئندہ انتخابات میں عوام جسے ووٹ دینگے وہی حکومت بنائے گا‘ وزیراعظم

January 13, 2018 - 23:56
Posted in:

پشاور (آن لائن،اے پی پی)وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ آئندہ انتخابات میں عوام جسے ووٹ دیں گے وہی حکومت بنائے گا، اور ملک میں جمہوریت کا سفر چلتا رہے گا۔وہ ہفتہ کو یہاں پشاور میں نیشنل انکیوبیشن سینٹر کے افتتاح کے موقع پر خطاب کر رہے تھے ۔انھوں نے مخالفین کو پیغام دیا کہ انقلاب نعروں اور باتوں سے نہیں بلکہ کام کرتے ہوئے آتے ہیں۔ ماضی کی حکومتوں نے صرف اعلانات اور افتتاح کیے تاہم پراجیکٹس ادھورے چھوڑ ے، دوسری طرف مسلم لیگ ن نے دعووں کے برعکس ترقیاتی کام مکمل کیے، تاہم بد قسمتی سے پاکستان میں ترقی کی راہ میں رکاوٹیں ڈالنے کا سلسلہ شروع ہوچکا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو سب کچھ نظر آرہا ہے، جو کام کرکے دکھائیں گے ،آئندہ انتخابات میں عوام اسی کو منتخب کرینگے، عوام جو بھی فیصلہ کریں گے وہ سر آنکھوں پر ہوگا ۔ عوام جس کو مینڈیٹ دیں گے وہ سیاسی جماعت حکومت کرے گی اور جمہوریت کا سفر جاری رہے گا۔ اس موقع پر گورنر کے پی کے اقبال ظفر جھگڑا، وزیرآئی ٹی انوشہ رحمان خان، وزیر مملکت اطلاعات و نشریات مریم اورنگ زیب، انجنیئر امیر مقام اور دیگر بھی موجود تھے۔وزیر اعظم نے کہا کہ پبلک پرائیویٹ شراکت داری میں قائم ادارے کاافتتاح اس علاقہ اور آئی ٹی کیلئے سنگ میل ثابت ہوگا۔ یہ انکیوبیشن سینٹر پائلٹ پروجیکٹ ہے، انہوں نے کہا کہ یہ وہ ادارے ہیں جو دیگر اداروں اور مقامی و صوبائی حکومتوں کو آئی ٹی کے انقلاب میں کردار ادا کرنے کے بارے میں رہنمائی فراہم کر سکتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ مستقبل میں کوئی ادارہ سرکاری ملازمتوں کا بوجھ اٹھانے کا متحمل نہیں ہوسکتا ، یہ کام نجی شعبہ کا ہے ۔ وزیر اعظم نے کہا کہ گزشتہ روز ہم نے فاٹا کے علاقوں کو براڈ بینڈ کی سروس کی فراہمی کے یونیورسل سروس فنڈ کے منصوبے کا افتتاح کیا ۔ یہ براڈ بینڈ رابطے پورے پاکستان میں ہونے چاہیئیں اور یہ سروس فراہم کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے تاکہ ہر پاکستانی کو یہ سہولت میسر آسکے۔ اسی طریقے سے ملازمتیں اور کاروبار کے مواقع میسر آسکتے ہیں ، اسی طرح نوجوانوں سے کلاشنکوف واپس لی جا سکتی ہے اور انتہا پسندی کا خاتمہ کیا جاسکتا ہے ۔ وزیر اعظم نے کہاکہ یہ کوئی ووٹ حاصل کرنے یا سیاست کرنے کے طریقے نہیں بلکہ یہ مستقبل کی ضرورت ہے ۔ اس سے دنیا سکڑ کر ہمارے گھروں تک آ جاتی ہے ، جو علم لندن میں بیٹھے نوجوان کو میسر ہے وہی اس ٹیکنالوجی سے فاٹا میں بیٹھے نوجوان کو میسر ہوگا۔ انھوں نے اسلامیہ کالج پشاورکیلئے پانچ کروڑ روپے کا بھی اعلان کیا۔ علاوہ ازیں وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ ماڑی پٹرولیم کی ٹیم کو اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے پر مبارکباد پیش کرتے ہیں ماڑی پٹرولیم، پٹرولیم اور توانائی کے شعبے میں اہم کردار ادا کر رہی ہے اور اگلے سال اس سے بھی اچھی نتائج کی امید رکھتے ہیں اسلام آباد میں ماڑی پٹرولیم کی سالانہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ بڑی پیشرفت ہے کہ پچھلے سال پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں برائے نام حد تک بڑھیں جس کے لیے ماری پٹرولیم انتظامیہ کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔
پشاور، وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نیشنل انکیو بیشن سینٹر کا افتتاح کررہے ہیں ،امیر مقام، مریم اورنگزیب، انوشہ رحمان بھی موجود ہیں
بشکریہ جسارتbody {direction:rtl;} a {display:none;}