یورپ میں آسمانی بجلی گرنے سےایک شخص ہلاک، متعدد زخمی

Printer-friendly versionSend by emailPDF version

فرانس اور جرمنی میں آسمانی بجلی گرنے سے متعدد زخمی

فرانس کے دارالحکومت پیرس کے ایک پارک اور جرمنی میں بچوں کے فٹبال میچ کے دوران آسمانی بجلی گرنے سے بچوں سمیت متعدد افراد شدید زخمی ہوئے ہیں۔پیرس میں پارک مانکیو میں سالگراہ کی ایک تقریب کے دوران بجلی گرنے سے 11 افراد زخمی ہوئے جن میں زیادہ تعداد بچوں کی ہے۔ زخمی ہونے والوں میں سے تین کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔پولیس کا کہنا ہے کہ یہ افراد اس وقت زخمی ہوئے جب وہ ایک درخت کے نیچے چھپنے کی جگہ تلاش کر رہے تھے۔دوسری جانب جرمنی میں بچوں کے ایک فٹبال میچ کے دوران بھی آسمانی بجلی گرنے کا واقعہ پیش آیا ہے جس میں ابتدائی اطلاعات کے مطابق 35 افراد زخمی ہوئے ہیں۔ تاہم ان میں سے کئی افراد کو احتیاط کے طور پر ہسپتال لے جایا گیا۔عینی شاہدین نے بتایا ہے کہ ’میچ کے آخری لمحات کے دوران جب آسمانی بجلی گری تو اس وقت آسمان پر گہرے بادل نہیں تھے بلکہ آسمان بالکل صاف تھا۔‘

زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے لیے قریبی عمارت کو خالی کرایا گیا

میچ کے دوران شدید زخمی ہونے والے تین افراد میں ریفری بھی شامل ہیں جن کے بارے میں کایزرسلاوترن کی پولیس کا کہنا ہے کہ ’انھیں آسمانی بجلی نے براہ راست نشانہ بنایا جس کے بعد ان کی حرکت قلب بند ہونے کے باعث انھیں ہیلی کاپٹر کے ذریعے ہسپتال لے جایا گیا۔‘پولیس نے بتایا کہ ان تینوں افراد کی عمریں 40 سال کے قریب ہیں۔ ان میں سے دوسرے شخص کو بھی ہیلی کاپٹر جبکہ تیسرے شخص کو ایمبولینس کے ذریعے ہسپتال پہنچایا گیا۔پیرس کی پولیس کے مطابق پارک مانکیو میں زخمی ہونے والے بچوں کی اوسط عمریں نو سال ہیں۔آگ بھجانے والے عملے کے ایک رکن جو اس وقت اپنی ڈیوٹی پر نہیں تھے نے ابتدائی طبی امداد اور دل کا مساج فراہم کیا۔ حکام کا کہنا ہے کہ اگر وہ نہ ہوتے تو صورتحال زیادہ خراب ہو سکتی تھی۔

BBCUrdu.com بشکریہ